کراچی میں یکم محرم الحرام کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مرکزی مذہبی جلوس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
یہ جلوس ایک مذہبی تنظیم کی قیادت میں لسبیلہ چوک سے ریگل چوک تک نکالا جائے گا جس کے باعث کئی اہم شاہراہوں کو عارضی طور پر بند یا متبادل راستوں کی طرف موڑا جائے گا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق درج ذیل ٹریفک ہدایات جاری کی گئی ہیں، لسبیلہ چوک سے آنے والی ٹریفک کو نشتر روڈ اور تین ہٹی کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
یونیورسٹی روڈ سے پیپلز چورنگی کی طرف جانے والی گاڑیوں کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔جیل چورنگی فلائی اوور سے آنے والی ٹریفک کو کشمیر روڈ کی طرف منتقل کیا جائے گا۔
سوسائٹی سگنل سے آنے والی گاڑیاں بھی کشمیر روڈ کی طرف موڑی جائیں گی۔فریسکو چوک سے ریگل چوک جانے والی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
تبت سینٹر سے ریگل چوک کی جانب آنے والی ٹریفک بھی ایم اے جناح روڈ کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت، مذہبی اجتماع کے احترام اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستوں کی منصوبہ بندی کریں اور ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں۔
دوسری جانب مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یوم عاشور 6 جولائی 2025 کو ہوگا۔ ملک بھر میں محرم الحرام کے پُرامن انعقاد کے لیے سیکورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں اور وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔
یہ ٹریفک پلان پورے دن کے لیے نافذ العمل رہے گا اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں سرکاری ذرائع سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے محرم الحرام کی 1 تا 10 تاریخ کے دوران صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، تاہم خواتین اور بزرگ شہری اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔