اسلام آباد: عید الفطر کے تیسرے روز گہما گہمی کا آخری دور شروع ہوچکا ہے، مری میں 18000 گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، ٹریفک پولیس نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے۔
تفصیلات کے مطابق عید کے 3روز میں مری میں 18000 سے زائد گاڑیاں داخل ہوچکیں جبکہ 15 ہزار 500 سے زائد گاڑیاں ملکۂ کوہسار سے نکل گئیں۔ 9 ہزار سے زائد سیاحوں کو آگہی پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔
آرمی چیف چین کے 4روزہ دورے کیلئے بیجنگ پہنچ گئے
ملکۂ کوہسار پولیس کا کہنا ہے کہ 1 ہزار 300 سیاح خاندانوں کو ٹریفک کے حوالے سے رہنمائی اور مدد فراہم کی گئی۔ ٹور ازم پولیس مسلسل مری بھر میں آنے والے سیاحوں کی معاونت میں مصروف رہی ہے۔
ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور افسران مسلسل ڈیوٹی پر موجود رہ کر سیاحوں کا تحفظ اور سہولیات یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ پولیس کے سینئر ترین افسران نے بھی مری میں تمام انتظامات کی نگرانی کی۔
پولیس کے بہترین انتظامات کی بدولت عید الفطر کے تینوں روز مری میں کسی بھی مقام پر ٹریفک جام یا کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔ سیاحوں نے بھی پولیس کے کردار اور انتظامات کی تعریف کی ہے۔
دوسری جانب عید الفطر کے تینوں روز بہترین ڈیوٹی پر سی پی او سیّد خالد محمود ہمدانی نے متعلقہ افسران اور جوانوں کی کارکردگی کو سراہا۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ شہریوں کا تحفظ اور سہولت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ جوانوں نے فرائض بخوبی نبھائے ہیں۔