کراچی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری، پولیس کے مطابق شہر میں مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق 23 جولائی کو کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 24 جولائی کو لیاری اور لیاقت آباد میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان سے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 25 جولائی کو سائٹ ایریا، لیاری، سہراب گوٹھ، سرجانی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن میں مختلف واقعات میں 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ 26 جولائی کو سخی حسن اور ملیر میں کرنٹ لگنے اور ڈوبنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 27 جولائی کو گارڈن اور دستگیر میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مسلسل بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ شدید بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں جبکہ اس دوران بجلی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر رہی۔