پاکستان کی 16 جامعات براعظم ایشیا کی بہترین یونیورسٹیز کی فہرست میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں جبکہ فہرست ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے جاری کی۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جاری کردہ ایشیا کی بہترین جامعات کی فہرست میں پاکستان کی 16 یونیورسٹیز جگہ بنانے میں کامیاب رہیں جبکہ فہرست میں ایشیا کی 500 سے زائد جامعات شامل ہیں۔
ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی فہرست میں پاکستان کی 16 جامعات کو بہتر کارکردگی کی بنیاد پر شامل کیا گیا۔ عالمی ادارے نے خطوں کی رینکنگ بھی جاری کی ہے۔ ایشیا کی یونیورسٹی رینکنگ میں گزشتہ برس پاکستان کی 12 جامعات شامل کی گئی تھیں۔
عالمی ادارے ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے تدریس و تحقیق، تعلیمی سہولیات اور دیگر خصوصیات کی بنیادوں پر جامعات کو اپنی فہرست میں شامل کیا۔ قائدِ اعظم یونیورسٹی 100، عبدالولی یونیورسٹی مردان 124 جبکہ کامسیٹس یونیورسٹی 171ویں بہترین یونیورسٹی قرار دی گئی۔
فہرست میں اپنی جگہ بنانے والی دیگر یونیورسٹیز میں پشاور یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، لمس، نسٹ، پنجاب یونیورسٹی، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بھی شامل ہیں۔
جن یونیورسٹیز نے عالمی فہرست میں اپنی جگہ بنائی، ان میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا، یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور پی ایم اے ایس بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرپشن کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، چیئرمین نیب