اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے 1508 افراد متاثر ہو گئے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 80 سے زائد کیسز سامنے آئے جس کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1508 ہوگئی جبکہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس نے ایک اور انسان کی جان لے لی جس سے ملک بھر میں وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 12 ہو گئی ہے جبکہ 7 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اب تک 25 مریض کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہوئے۔ صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 469 کیسز سامنے آئے جبکہ ایک مریض جاں بحق ہوگیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے اب تک 39 کیسز سامنے آئے۔ خیبر پختونخواہ میں 188 کیسز اور 4 افراد جاں بحق جبکہ سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیسز صوبہ پنجاب میں ریکارڈ کیے گئے۔
صوبہ پنجاب میں مجموعی طور پر 557 کیسز ریکارڈ کیے گئے جن میں سے 5 افراد جاں بحق ہوئے۔بلوچستان میں 138 کیسز میں سے 1 شخص جاں بحق ہوا جبکہ گلگت بلتستان میں 115 کیسز ریکارڈ کیے گئے۔
آزاد کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ہمارا ہمسایہ اور دوست ملک اِس مشکل وقت کے دوران پاکستان کی امداد میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔
گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لیے صوبائی وزرائے اطلاعات کے ساتھ مشاورت کا دوسرا اجلاس منعقد ہوگا۔
مزید پڑھیں: احتیاطی تدابیر اختیار کرناہر شخص کی ذمہ داری ہے، فردوس اعوان