بیجنگ: بینجگ ٹیکنالوجی اینڈ بزنس یونیورسٹی (بی ٹی بی یو) کے نائب صدر ڈاکٹر لیو منہوا نے چینی حکومت کی جانب سے 2020اور 2021 میں فرینڈ شپ ایوارڈ وصول کرنے والے پاکستانی پروفیسر و ماہر پروفیسر منظور حسین سومرو کو پہلا اعزازی پروفیسر تعینات کردیا ہے۔
چینی خبر رساں ایجنسی چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این)کی رپورٹ کے مطابق پروفیسر منظور حسین سومرو کی تعیناتی کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں بی ٹی بی یو کے نائب صدر ڈاکٹر لیو منہوا نے کہا کہ پروفیسر منظور حسین سومرو کئی سالوں سے اس یونیورسٹی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کے پہلے اعزازی پروفیسر کے طور پر منظور حسین سومرو کے ماضی میں اہم شراکت پر ان کی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں مل کر مزید کامیابیوں کے حصول کی خواہش کا اظہار کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر منظور حسین سومرو کا چین کے ساتھ گہرا لگاؤ ہے اور انہیں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ کام کرنے کا بھرپور تجربہ حاصل ہے۔ ہم یونیورسٹی کی بین الاقوامی ترقی میں پروفیسر منظور کے مسلسل تعاون اور ان کی قیمتی تجاویز کے منتظر ہیں۔
پروفیسر منظور نےاس اعتماد پر بی ٹی بی یو کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ بی ٹی بی یو کی بین الاقوامی ترقی اور مستقبل میں بیلٹ اینڈ روڈ کی تعمیر میں مزید تعاون کریں گے۔
اس موقع پر پروفیسر منظور نے زور دیا کہ نوجوان اقوام متحدہ میں پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرنے کی حیثیت رکھتے ہیں۔ طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ ایک عالمی نقطہ نظر تیار کریں، اپنے خاندان اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں، عالمی ترقی کے اقدامات کو فعال طور پر نافذ کریں اور پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے میں اپنا حصہ ڈالیں۔