ہسپانوی نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے، حکام نے بتایا کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ امدادی کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوب مشرقی اسپین کے شہر مرسیا میں واقع دو منزلہ ”ٹیٹر” نائٹ کلب، جسے ”فونڈا ملاگروس” بھی کہا جاتا ہے میں صبح سویرے آگ لگ گئی۔
ایمرجنسی سروسز نے ٹوئٹر پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فائر فائٹرز جائے وقوعہ پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے ”مزید متاثرین کی تلاش کے امکان کو مسترد نہیں کیا ہے۔
مرسیا کے میئر نے کہا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے کے قریب لگی تھی اور یہ ”انتہائی سنگین” تھی۔
انہوں نے جائے وقوعہ پر میڈیا کو بتایا کہ ملبے سے ”ابھی بھی لاشیں نکالی جانی ہیں ”، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ عمارت کا ایک حصہ گرنے کے باعث کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صبح 7 بجے جائے وقوعہ پر روانہ کیے گئے فائر فائٹرز نے صبح 8 بجے تک آگ پر قابو پالیا۔
مزید پڑھیں:ترک دارالحکومت انقرہ میں وزارتِ داخلہ کے باہر خودکش دھماکا، ویڈیو سامنے آگئی
حکام نے بتایا کہ چار افراد زخمی ہوئے، دو خواتین جن کی عمریں 22 اور 25 سال تھیں اور دو مرد جن کی عمر چالیس سال تھی۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کی رات کلب میں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔