اسلام آباد: دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یونان کے سمندر میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں زندہ بچ جانے والے بارہ پاکستانیوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق ابھی ہم جاں بحق پاکستانیوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب کے زیر قیادت پاکستانی مشن جاں بحق افراد میں پاکستانیوں کی شناخت اور واپسی کیلئے مقامی حکام سے رابطے میں ہے اور زندہ بچ جانے والے افراد کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ”ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔ یہ شناخت کا عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگا۔
بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شناخت کے مقاصد کے لئے یونان میں پاک مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے حکام کا کہنا ہے کہ یونان کے قریب ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی میں سوار 500 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
مزید پڑھیں:رانا ثناء اللہ کو میں نے نہیں، اے این ایف نے گرفتار کیا۔شہریار آفریدی
”خوفناک سانحہ” میں لاپتہ ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جس میں 78 پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔