بھارتی شہر اترپردیش کے مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج کے نیونٹال انٹینسیو کیئر یونٹ میں جمعہ کی رات آگ لگنے سے 10 نومولود ہلاک اور 16 زخمی ہو گئے، آگ سے 37 بچوں کو بچالیا گیا۔
کانپور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل الوک سنگھ نے بتایا کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔ حادثے کے وقت ہلاک ہونے والے بچے انکیوبیٹرز میں تھے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ واقعے کے وقت 47 نومولود داخل تھے۔
جھانسی کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل کالانیدھی نیتھانی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کی تعداد کی تصدیق کی اور بتایا کہ 16 نومولود زخمی ہیں۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے مطابق آگ رات 10:30 سے 10:45 کے درمیان شروع ہوئی اور تیزی سے پورے یونٹ میں پھیل گئی۔ اگرچہ متعدد بچوں کو بچا لیا گیا، خاص طور پر وہ جو یونٹ کے باہر تھے لیکن آگ نے 10 نومولود کی جان لے لی۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا، “فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی اور کئی بچوں کو بچایا۔ ہم زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر رہے ہیں۔ ڈیوٹی پر موجود عملے کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔”
اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔ انہوں نے فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات دیے۔
پیرس: سخت سیکورٹی کے باوجود میچ کے دوران اسرائیل کے خلاف نعرے، صہیونی تماشائیوں کیساتھ تصادم
انہوں نے پلیٹ فارم ایکس (پہلے ٹویٹر) پر لکھا، “جھانسی کے اسپتال میں حادثے کے دوران بچوں کی موت انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو فوری امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کی ہدایت دی گئی ہے۔ میں پرارتھنا کرتا ہوں کہ شری رام ان بچوں کی روحوں کو سکون عطا کریں اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کریں۔”
وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر ڈپٹی چیف منسٹر برجیش پاتک اور پرنسپل سیکریٹری صحت کو صورت حال کی نگرانی کے لیے جھانسی بھیجا گیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کمشنر اور ڈی آئی جی کو بھی آگ کی وجوہات کی تحقیقات کر کے 12 گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ٹیمیں اسپتال میں موجود باقی بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔