معاون خصوصی برائے سیاسی امور اور وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی نعیم الحق کے انتقال پرملک کے مختلف سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔
نعیم الحق کے انتقال پر ملکی سیاسی قیادت نے تعزیت کا اظہار کیا ہے، اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نعیم الحق کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نعیم الحق کی وفات کا سن کر بہت دکھ ہوا، نعیم الحق کے اہل خانہ اور تحریک انصاف کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے بھی نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہےجبکہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے بھی نعیم الحق کے انتقال پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے نعیم الحق کے صاحبزادے امان الحق کو ٹیلی فون کرکے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ نعیم الحق کینسر جیسے موذی مرض سے بہادری سے لڑے، تحریک انصاف کے بانی رہنما کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا نعیم الحق کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے مخلص دوست اور تحریک انصاف کے محسن نعیم الحق کا انتقال پارٹی کے ہر کارکن اور عوام کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کابھی نعیم الحق کی وفات پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہناتھا کہ نعیم الحق کے ساتھ ناصرف گہرا سیاسی تعلق تھا بلکہ ایک ذاتی قربت بھی تھی اور وہ ہمیشہ شفقت و محبت سے پیش آتے تھے، تحریک انصاف آج جس مقام پر ہے، اس میں نعیم الحق کی بے انتہا محنت اور لگن شامل ہے۔