سوشل میڈیا پر ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی مختلف ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں سے ایک میں آسٹریلین کھلاڑی کو نئے انداز میں جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جسے شوئی کہتے ہیں۔
راولپنڈی ایکسپریس کے لقب سے مشہور پاکستانی کرکٹر شعیب اختر نے آسٹریلوی کھلاڑی میتھیو ویڈ کے جشن منانے کے انداز کو تھوڑا سا قابلِ نفرت قرار دے دیا۔ آسٹریلین کھلاڑی نے ویڈیو میں جوتے میں مشروب ڈال کر پیا۔
آسٹریلین کھلاڑی کا اندازِ جشن
آئی سی سی کے سوشل میڈیااکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ آسٹریلین کھلاڑی میتھیو ویڈ اپنے دائیں پاؤں کا جوتا اتار کر اس میں مشروب ڈالتے ہیں اور اپنی ہم وطن ٹیم کے ہمراہ جوتے میں موجود مشروب پی جاتے ہیں۔
ایک اور کھلاڑی مارکس اٹوئنس نے بھی میتھیو ویڈ کے ہمراہ اسی جوتے میں مشروب گرایا اور پی لیا جو سیمی فائنل میں میتھیو کے ہمراہ آسٹریلیا کی جیت کیلئے کھیل چکے ہیں۔ آسٹریلوی کھلاڑیوں کیلئے یہ جشن منانے کا عام سا طریقہ تھا جسے وہ شوئی کہتے ہیں۔
شوئی سیلبریشن کیا ہے؟
بنیادی طور پر شوئی سے مراد جشن منانے کیلئے کوئی مشروب یا سافٹ ڈرنک کسی جوتے میں ڈال کر پینا ہے اور یہ آسٹریلیا میں ایک عام سا طریقہ ہے جو سب سے پہلے وی 8 کے ریسر ریال ہیرس نے استعمال کیا تاہم یہ طریقہ 2016 میں زیادہ مشہور ہوا۔
How's your Monday going? 😅#T20WorldCup pic.twitter.com/Fdaf0rxUiV
— ICC (@ICC) November 15, 2021
ہوا کچھ یوں کہ 2016 میں ریکارڈو نے پہلی بار شوئی کے انداز سے جشن منایا اور یہ سلسلہ رکا نہیں۔ ریکارڈو نے متعدد مرتبہ یہی طریقہ آزمایا اور اسے برطانوی فارمولا ون لیجنڈ لیوس ہملٹن کے ہمراہ 2020 کے ایمیلیا روماگنا گرینڈ پرکس میں بھی دہرایا۔
سن 2019 میں آسٹریلین کرکٹر اینڈریو ٹائے نے عہد کیا کہ اگر ان کی ٹیم پنجاب کنگز بھارتی پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) جیت گئی تو وہ شوئی کے انداز سے جشن منائیں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا اور پنجاب کنگز کی ٹیم آئی پی ایل نہ جیت سکی۔
راولپنڈی ایکسپریس کا ردِ عمل
دنیا کے تیز ترین بالر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شعیب اختر نے آسٹریلین کھلاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شوئی جشن منانے کا کسی قدر قابلِ نفرت طریقہ ہے۔ کیا ایسی بات نہیں ہے؟
A little disgusting way of celebrating no?? pic.twitter.com/H96vMlabC8
— Shoaib Akhtar (@shoaib100mph) November 15, 2021