اسلام آباد: امریکا نے افغان عوام کی امداد اور مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کورونا کی روک تھام کیلئے 96لاکھ ویکسینز دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نائب وزیرِ خارجہ وینڈی شرمین نے پاکستان کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین کئی دہائیوں سے بہترین تعلقات ہیں اور پاکستان کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔
افغانستان کی صورتحال پر پاکستان کے کردار پر امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے کہا کہ ہم پاکستان کی جانب سے افغان مہاجرین کو پناہ دینے کے عمل کو سراہتے ہیں۔ امریکا چاہتا ہے کہ افغانستان ترقی کرے۔ ہم حالات کی بہتری کیلئے اقدامات کرتے رہیں گے۔
کورونا ویکسین کے متعلق وینڈی شرمین نے کہا کہ رواں برس امریکا پاکستان کو 1 کروڑ 60 لاکھ ویکسینز فراہم کرچکا ہے اور ہم مزید 96 لاکھ ویکسینز فراہم کریں گے۔ ہمارے پاکستان کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ افغان مہاجرین کو پناہ دینا قابلِ تعریف عمل ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل مدتی اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔
گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے گفتگو کے دوران شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ اور منظم بات چیت پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کا امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے پر زور