سعودی عرب کےمختلف علاقوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں کئی مقامات پر سیلاب کی کیفیت ہے۔ مدینہ منورہ میں ہونے والی شدید بارش کے بعد سیلابی ریلے میں ایک بچہ بہہ گیا مگر بچے کو بچا لیا گیا ہے۔
سیلابی ریلے میں پھنسے بچے کو ریسکیو کیے جانے کا منظر ایک ویڈیو کی شکل میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ سیلابی ریلے میں پھنسنے کے بعد پانی میں ایک اونچی چٹان پر چڑھ گیا۔
اس موقعے پر نوجوانوں کا ایک گروہ اسے بچانے اور اسے ندی سے نکالنے کے لیے دوڑا۔ نوجوانوں نے لکڑکی کے تختوں کا پل بنایا اور بچے تک پہنچ کر اسے بچا لیا۔ اس طرح بچہ یقینی موت سے بچ گیا اور بہ خیریت اپنے گھر والوں سے جا ملا۔
ادھر مدینہ منورہ شہر اور اس کے مضافات میں ہونے والی شدید بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں پانی سے بھرگئیں۔ موسم کی صورت حال کے پیش نظرشہری دفاع نے شہریوں اور رہائشیوں سے بارش کا پانی جمع ہونے والے علاقوں تک نہ جانے، گھروں میں رہنے اور ضرورت کے علاوہ باہر نہ نکلنے کی اپیل کی ہے۔
درایں اثنا نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے آج کے لیے اپنی موسمی رپورٹ میں کہا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اورشدید نوعیت کی بارش کی توقع ہے۔ مکہ مکرمہ میں تیز ہوائیں چلنے اور ملک کے مشرقی علاقوں الریاض، قصیم، حائل، جوف اور شمالی سرحدی علاقوں میں موسلادھاربارشوں کی توقع ہے۔