عزیر بلوچ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے احکامات پر جرائم کیے۔وفاقی وزیر علی زیدی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عزیر بلوچ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے احکامات پر جرائم کیے۔وفاقی وزیر علی زیدی
عزیر بلوچ نے پیپلز پارٹی کی قیادت کے احکامات پر جرائم کیے۔وفاقی وزیر علی زیدی

اسلام آباد:  وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے احکامات اور حمایت کے ساتھ جرائم کا ارتکاب کیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج منعقدہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی حیدر زیدی نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں نے نہیں لکھی کیونکہ اس پر تحقیقاتی اداروں، آئی ایس آئی، ایم آئی، رینجرز، سی آئی ڈی کے دستخط موجود ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں جے آئی ٹی رپورٹ کے کاغذات ہاتھ میں لہراتے ہوئے وزیرِ بحری امور علی زیدی نے کہا کہ عزیر بلوچ کا خاندان ابتدا ہی سے پیپلز پارٹی کی رکنیت رکھتا تھا اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے اسے جرم کرنے کے احکامات جاری کیے اور پی پی پی قیادت نے انہیں اسلحہ بارود بھی مہیا کیا۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہدایات پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے عزیر بلوچ کو اسلحے کے ساتھ ساتھ بھاری رقوم بھی فراہم کیں۔ سن 2013ء میں پیپلز پارٹی نے جس جس رہنما کو ٹکٹ دئیے سب نے حلف لیا کہ عزیر بلوچ ہمارا لیڈر ہے۔

وزیرِ مملکت علی زیدی نے کہا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے کہنے پر لیاری کا ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا جو 20 لاکھ روپے پی پی پی کی قیادت اور کروڑوں روپے آصف زرداری کی ہمشیرہ اور رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور کو دیا کرتا تھا۔

دورانِ اجلاس وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ فریال تالپور کی براہِ راست ہدایات پر ایک شخص سعید خان کو میرے محکمے یعنی فشریز میں تعینات کیا گیا۔ سعید خان اپنے دور میں 20 لاکھ روپے ماہانہ عزیر بلوچ کو اور 1 کروڑ روپے ماہانہ فریال تالپور کو دیا کرتا تھا۔

علی زیدی نے کہا کہ عزیر بلوچ یہ اعتراف کرچکا ہے کہ اس نے 158 افراد کو قتل کیا۔میرا سوال یہ ہے کہ جن لوگوں کی طرف سے اس نے یہ 150 سے زائد قتل کیے، وہ کیا قومی اسمبلی میں بیٹھ کر بجٹ کی تقریر کریں گے؟ میری دعا ہے کہ میرا بیٹا بڑا ہو کر میرے لیڈر عمران خان جیسا کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ کیا پیپلز پارٹی قیادت یہ دعا کرسکتی ہے کہ ان کی اولاد بڑی ہو کر ان کے لیڈروں جیسے کام کرے؟میں یہ دعا کرنے کو تیار ہوں کیونکہ مجھے بہت فخر ہوگا اگر میرا بیٹا بڑا ہو کر عمران خان کی طرح عوام کی خدمت کرے۔ 

Related Posts