لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین کا اپنے نام سے منسوب ٹوئٹ پر رد عمل سامنے آیا ہے، انہوں نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خود سے منسوب وائرل بیان کی تردیدکردی ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران آخری اوور میں نو بال اور فری ہٹ پر ویرات کوہلی کے بولڈ ہونے پر رنز بنائے جانے کا معاملہ متنازع ہوگیا اور سوشل میڈیا صارفین اور سابق کرکٹرز نے بھی اس پر سوالات اُٹھادیئے۔
ایسی صورتحال میں انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین سے منسوب ایک ٹوئٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں کہا گیا کہ پاک بھارت میچ کے دوران امپائرز کی جانب سے بھارت کے حق میں کچھ عجیب فیصلے کیے گئے، لیکن میرا خیال ہے کہ ہمیں اس معاملے پر خاموش رہنا چاہیے اور آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو پریشان نہیں کرنا چاہیے۔
تاہم اب ایک صارف کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ اسے ڈیلیٹ کردیں تو بہتر ہوگا، یہ جعلی خبر ہے اورآج کرکٹ کا بہترین میچ اس کا مستحق نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:پاک بھارت میچ، غلط نوبال دینے پر امپائر پر سابق کرکٹر بھڑک اُٹھے
انگلینڈ کے سابق کپتان ناصر حسین کے بیان کے بعدبعض سوشل میڈیا صارفین نے جھوٹی خبر پر افسوس کا بھی اظہار کیا۔دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تاحال اس حوالے سے مختلف کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔