اسلام آباد: مقامی عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے سے متعلق کیس میں پیر کو عمران خان کی ذاتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔
عمران خان کے خلاف گزشتہ سال 20 اگست کو ایف نائن پارک میں ایک ریلی میں جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کے الزام میں پولیس حکام اور عدلیہ کو ”دہشت گردی” کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انہوں نے یہ ریمارکس اس وقت دیے تھے جب خاتون جج نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل کا جسمانی ریمانڈ منظورکیا، اس دعوے کے باوجود کہ انہیں حراست میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
آج سماعت سول کورٹ کے جج رانا مجاہد رحیم نے کی جس دوران عمران خان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کے وکیل نے عدالت کو عمرا ن خان کے لیے حفاظتی خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔
تاہم، جج مجاہد رحیم نے کہا کہ اگر عمران خان آج عدالتی اوقات میں پیش نہ ہوئے تو وہ وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، اور ان کی استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ 12:30 بجے تک محفوظ کر لیا۔
مزید پڑھیں:خاتون جج کو دھمکی کا کیس، عمران خان آج پیش نہیں ہوئے تو وارنٹ جاری کردونگا، جج
بعد ازاں جج نے فیصلہ سناتے ہوئے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان کو عدالتی اوقات میں پیش ہونے کا حکم دیا ورنہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔