صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوگیا، پولیس نے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر کے تھانے کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد سے بھر گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ویکسینیشن نہ کروانے والے 91 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سکھر پولیس کا کہنا ہے کہ کورونا کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانا قانوناً جرم قرار دے دیا گیا ہے، اس لیے شہریوں کو ہر صورت ویکسین لگوانا ہوگی۔ گرفتار افراد کو صبح عدالتی کارروائی کیلئے جج کے روبرو پیش کریں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس ویکسینیشن نہ کرانے والوں اور ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا جس کے حوالے سے باضابطہ لیٹرز جاری کیے گئے۔
سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات پر عمل درآمد کرانے کے احکامات گزشتہ روز جاری کیے گئے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے این سی او سی کی ہدایت پر صوبے بھر کی ضلعی انتظامیہ کو احکامات جاری کیے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت کا ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ
گزشتہ روز ہی سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز روکنے اور شہریوں کی ویکسی نیشن یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا، کراچی میں ویکسی نیشن کارڈز کی چیکنگ اور گرفتاریاں شروع کردی گئیں۔
چیف سیکرٹری سندھ نے گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کا کارڈ چیک نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ ویکسی نیشن کارڈ چیک کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔
مزید پڑھیں: کراچی والے ہوشیار! ویکسی نیشن نہ کروانے والوں کی گرفتاریاں شروع