کراچی: شہر قائد میں واقع چڑیا گھر سے گزشتہ دنوں ایک لاغر شیر کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جو غذائی قلت کا شکار تھا، اب اطلاعات ہیں کہ شیر اپنی جان کی بازی ہار گیا ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شیر کی موت تپ دق سے ہوئی ہے اور پوسٹ مارٹم کیا جارہا ہے، ایک صحافی قطرینہ حسین کی جانب سے ٹوئٹر پر کہا گیا ہے کہ افریقن شیر کی موت پر بہت زیادہ افسوس ہے، انہوں نے کہا کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
Deeply grieved to hear the African lion at #KarachiZoo has died. A statement from zoo said he died of tuberculosis and an autopsy is underway. I am devastated. TB is contagious…and they had lioness in same enclosure. Inquiry now. @murtazawahab1 @BBhuttoZardari pic.twitter.com/YEeA1fShD5
— Quatrina (@QuatrinaHosain) November 24, 2021
انہوں نے کراچی کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی انکوائری شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال پر رونا آرہا ہے، کہ ایک جانور ایسی دردناک موت کا شکار ہوگیا۔
واضح رہے کہ شیر کی ویڈیو نے ٹویٹر پر اشتعال اور غم و غصے کو جنم دیا تھا جس میں سوشل میڈیا صارفین نے جانوروں کی ابتر صورتحال پر چڑیا گھر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ایک نجی چینل کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں جانوروں کو خوراک فراہم کرنے والے ٹھیکیدار نے کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کی جانب سے ادائیگی نہ ہونے پر جانوروں کو کھانے کی فراہمی بند کردی تھی۔
کے ایم سی کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے اس سال فروری سے ٹھیکیدار کے بل کلیئر نہیں کیے اور ٹھیکیدار نے چڑیا گھر میں نوٹس چسپاں کیا تھا کہ وہ مزید کھانا فراہم نہیں کرے گا۔
شیر کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد، پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے متعلقہ حکام سے چڑیا گھر انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کرنے یاکراچی چڑیا گھر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
صحافی قطرینہ حسین کی جانب سے پوسٹ کی گئی ویڈیو میں ایک شیر کو بری حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں سٹی ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو ٹیگ کرتے ہوئے ان سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی،چڑیا گھر میں جانوروں کی ابتر حالت پر ٹویٹر صارفین آگ بگولا