کراچی : بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے سائٹ ایریا کی مقامی اور برآمدی صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقامی اور برآمدی صنعتوں کو گیس کی فراہمی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا ،وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی ،صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالرشید ،سینئر نائب صدر سعود محمود ،نائب صدر کامرنا عربی ،سابق صدر سلیم پاریکھ اور عبدالہادی نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ سائٹ ایریا کو گزشتہ کئی ماہ سے طلب کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی اگر گیس دیتی بھی ہے تو کبھی گیس پریشر ایک پونڈ تو کبھی آدھا پونڈ ہوتا ہے جس کا مطلب گیس نہ ہونے کے برابر ہے جس سے انڈسٹری نہیں چل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سے نکلنے والی گیس پر پہلا حق سندھ کا ہے لہٰذا پہلے سندھ کی گیس کی طلب کو پورا کیا جائے اور بقیہ گیس دیگر صوبوں کو دی جائے ۔
جس طرح کے پی حکومت نے آرٹیکل 158پر عمل درآمد کیا اسی طرح سندھ حکومت بھی آرٹیکل 158پر عملدرآمد کرے۔
انہوں نے بجلی کے زائد نرخوں کے حوالے سے کہا کہ بجلی کے زائد نرخوں کی وجہ سے انڈسٹری خاص طور پر چھوٹی صنعتوں کی پیداواری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔
حکومت کو بجلی کے نرخوں میں کمی پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کیونکہ چھوٹی صنعتوں پر 34فیصد سیلز ٹیکس کا نفاذ کہاں کا انصاف ہے َ؟ حکومت ایک طرف کیپٹو پاور پلانٹ بند کررہی ہے تو دوسری طرف بجلی کے نرخ آسمان پر جارہے ہیں۔
مزید پڑھیں:انکم ٹیکس آرڈیننس کی تیسری ترمیم بزنس کمیونٹی کیلئے نقصان دہ اور مایوس کن ہے،ناصر مگوں