ۡاسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں۔
ملک میں مہنگائی کے حوالے سے ایک بیان میں صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل اورمنی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ رعایتی نمبرملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمیٰ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانامظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے۔
مزید پڑھیں:
پیپلزپارٹی کا مہنگائی کیخلاف شاہراہ دستور سے احتجاج شروع کرنے کااعلان
مہنگائی کا سونامی، حکومت اپنی نااہلی کی قیمت عوام سے وصول کررہی ہے، بلاول بھٹو