ملتان:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت تمام اداروں کے ساتھ مثالی تعلقات رکھتی ہے، اپوزیشن کی حکومت گرانے کی خواہش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریکِ انصاف کی موجودہ حکومت مہنگائی سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کیلئے صرف صبر کی دعا کی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کا امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر زور
شاہ محمود قریشی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، کشمیر کی صورتحال پر ڈوزئیر پیش
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ پی ٹی آئی اپنے 5 سال پورے کرے گی۔آئندہ انتخابات میں تحریکِ انصاف 5 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر مرکز کے ساتھ ساتھ صوبوں میں بھی اپنی حکومت بنائے گی۔
ملک کی معاشی صورتحال کے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ کورونا وائرس نے عالمی سطح پر معیشت کو متاثر کیا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے پاکستان میں بھی حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ عوام پر بوجھ کم کرنے کی پوری کوشش ہوگی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کیلئے مہنگائی بڑا چیلنج ہے۔ اس کی وجوہات، اندرونی و بیرونی عوامل اور مسائل سے نمٹنے کیلئے حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔ وفاقی حکومت کی معاشی ٹیم عوامی سہولیات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ معاشی ٹیم کی کاوشوں کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔ حکومت معاشرے کے محروم طبقات کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتی ہے، جس کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کے امن کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان افغانستان کو پر امن اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے۔ خطے کی ترقی و خوشحالی چاہئے تو امن کا قیام ناگزیر ہے۔ امن سے ہی تعمیر و ترقی کا راستہ کھلے گا۔ پاکستان قیامِ امن کیلئے کاوشیں جاری رکھے گا۔