پشاور: سیکورٹی فورسز نے بنوں میں سی ٹی ڈی سینٹر پر حملہ کرنے اور اہلکاروں کو مغوی بنانے والے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا، جس کے باعث تمام دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بنوں میں سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے اندر دہشتگردوں کو ہلاک کئے جانے کے بعد اس وقت سرچ آپریشن کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کے آپریشن کے دوران 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بنوں میں اسکول بند ہیں اور اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ علاقے میں موبائل فون سروس بھی مکمل طور پر بند ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بنوں میں دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر حملہ کیا تھا اور اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا تھا جس پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تھا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان میں دہشت گردی، خضدار میں 2 دھماکے، متعدد افراد زخمی ہو گئے
ذرائع کے مطابق مغویوں کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنانے کے لیے کم سے کم طاقت کا استعمال کیا گیا۔ رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے منگل کو مرکز کے آس پاس سے دھماکوں کی آوازیں سنی۔