کراچی: وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے تعلیمی اداروں کے طوفانی دورے کیے، کھارا در میں مختلف نجی اسکولز کے اچانک دورے کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1 اسکول سیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم سندھ نے مختلف نجی اسکولز میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ لرننگ گرامر اسکول کو فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی نے ڈی ی پرائیویٹ اسکولز کو فوری طور پر چھوٹے نجی اسکولز کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسکولز میں ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
مدرسہ اسلامیہ اسکول نمبر 3 میں وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے ہاتھوں سے سماجی فاصلے کیلئے بچوں کو اٹھا کر ان کی کرسیاں درست کیں اور کہا کہ تمام بچے ماسک اور سینیٹائزرز کے استعمال کے ساتھ سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔
وزیرِ تعلیم نے گلوبل اکیڈمی، ایکسیلنس اکیڈمی، پاک پروگریسیو اکیڈمی سمیت کئی اسکولز کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سماجی فاصلے کی پابندی کی ہدایت کی۔
بعد ازاں وزیرِ تعلیم سعید غنی ڈی جے سائنس کالج پہنچے جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو ماسک نہ پہننے پر ایس او پیز کی پابندی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کالج میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور لیبارٹری میں پریکٹیکلز کرنے والے طلباء سے بھی گفتگو کی۔
اِس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے کہا کہ تمام طلباء و طالبات ایس او پیز پر عمل سے اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو بھی کورونا وائرس سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ اساتذہ ہر کلاس سے قبل ایس او پیز پر آگہی دیں۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد صورتحال قابو میں ہے، سعید غنی