پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہورومعروف ماڈل اور اداکارہ سعدیہ خان کی یو اے ای میں بالی ووڈ اداکارہ اور سابق ملکۂ حسن ایشوریا رائے بچن سے ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعدیہ خان چھٹیاں گزارنے متحدہ عرب امارات گئیں تو ان کی ملاقات ایشوریا رائے بچن سے ہوئی جس کی تصویر انہوں نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ایشوریا رائے بچن بھارتی جبکہ سعدیہ خان پاکستانی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں اداکارہ سعدیہ خان کو ایشوریا رائے بچن کے ہمراہ دیکھا جاسکتا ہے۔ ایشوریا رائے نے تصویر میں ماسک پہن رکھا ہے، پھر بھی سعدیہ خان کو انہیں پہچاننے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ سعدیہ خان کا کہنا ہے کہ میں نے دنیا کی خوبصورت ترین اور منکسر المزاج اداکارہ ایشوریا رائے سے ملاقات کی ہے۔ جب انہوں نے مجھے خوبصورت کہا تو ایک لمحے کیلئے میں گرتے گرتے بچی۔
ایشوریا سے ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے سعدیہ خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ملکۂ حسن ایشوریا رائے نے مجھے خوبصورت کہا، اس سے مجھے بھی علم ہوا کہ میں خوبصورت ہوں جبکہ کسی پاکستانی اداکارہ کی بھارتی فنکار سے ملاقات کایہ پہلا موقع نہیں ہے۔
حال ہی میں ایک اور پاکستانی اداکارہ کومل عزیز خان نے بھی امریکا میں چھٹیاں گزارنے کے دوران بھارتی اداکار سنجے دت سے ملاقات کے دوران بتایا کہ وہ سنجو بابا کے فینز میں شامل ہیں۔ سنجے دت بھی چھٹیاں گزارنے کی غرض سے امریکا پہنچے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عشق لا کے نئے ٹیزر میں سجل، یمنیٰ اور اذان سمیع جلوہ گر