کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سرجانی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ڈکیت گروپ کے سرغنہ محمد سراج عرف ماموں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ملزم کے دیگر ساتھیوں محمد نعمان عرف بلا، محمد شان، محمد پرویز اور وجاہت علی کو بھی گرفتار کر لیا گیاہے۔ ملزمان سے ڈکیتی میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹر سائیکل اور چھینے گئے موبائل فون بھی برآمد کر لیے گئے۔
سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان نے 12 مئی 2021 کو نیو کراچی میں نجی بینک سے نکلنے والے ایک شخص سے لوٹ مار کی جس کی سی سی ٹی وی فویٹج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو باآسانی پہچانا جا سکتا ہے۔ ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ موبائل فون کے پن کوڈ کھولنے کے ماہر ہیں اور موبائل فون کو مختلف پرزوں میں فروخت کرتے ہیں۔ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر خواتین سے پرس چھیننے، شہریوں کو لوٹنے، اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اس سے پہلے بھی متعدد بار گرفتار ہوچکے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ اور ایمونیشن قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملیر پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار، منشیات برآمد