رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں ہر روز غروب آفتاب کے لمحات میں روزہ دار افراد کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ مکمل روحانی ماحول میں افطاری کا منظر دیکھنے کے قابل ہوتا ہے۔ روزہ دار کھجور اور زم زم کے بابرکت پانی کے ساتھ افطار کرنے کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں۔
رمضان المبارک میں روزہ دار افطار کے دستر خوانوں کے سامنے کھڑے ہو کر مغرب کی اذان کا انتظار کرتے ہیں تاکہ وقت ہوتے ہی افطاری کریں۔ ’’جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی برائے مسجد نبوی‘‘ نے اس سے قبل غذائیت کے شعبے میں مہارت رکھنے والی 11 کمپنیوں کی منظوری دی تھی۔ یہ کمپنیاں افطار کی خدمات فراہم کرنے کے لیے کیٹرنگ کنٹریکٹرز کے لیے درکار شرائط اور تصریحات کو پورا کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
بلوچستان حکومت کا مستحق خاندانوں کو رمضان میں مفت راشن دینے کا فیصلہ
ایجنسی نے اپنے متعلقہ محکموں کے توسط سے مسجد نبوی میں روزہ داروں کے لیے افطار کی خدمات کی فراہمی اور کھانے کی حفاظت کے لیے درکار معیارات اور تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ایک جامع پروگرام مرتب کیا ہے۔ طہارت کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔ افطاری کے وقت مسجد نبوی کی صفائی کرکے اسے فوری طور پر نمازیوں کے لیے تیار کردیا جاتا ہے۔
جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی برائے مسجد نبوی زائرین کو محفوظ اور صحت مند طریقوں سے بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے کام کرتی ہے۔ روزہ داروں کو فراہم کیے جانے والے کھانے کی حفاظت کے لیے اعلیٰ ترین معیارات کو اپنایا جاتا ہے ۔ بین الاقوامی ضروریات اور معیارات کے مطابق افطاری کی اشیا کا انتخاب کیا جاتا ہے۔