ڈان 2، بے واچ، دوستانہ اور فیشن سمیت متعدد بھارتی فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والی بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے انسٹا گرام پر تشہیری مواد شائع کرنے کے معاوضے میں بھاری بھرکم اضافہ ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہاپر انسٹاگرام رچ لسٹ میں پریانکا چوپڑا 27 ویں شخصیت قرار پائی ہیں جن کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 6 کروڑ 40 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔
میری کوم نامی فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا انسٹا گرام پر ایک تشہیری پوسٹ شائع کرنے کا معاوضہ 4 لاکھ 3 ہزار ڈالر لیتی ہیں جو کم وبیش 6 کروڑ 37لاکھ پاکستانی روپے بنتا ہے۔
سالانہ بنیادوں پر شائع کی جانے والی اس لسٹ میں متعدد شخصیات شامل ہیں جن کے متعلق بتا دیا گیا ہے کہ انسٹا گرام پر ان کے کتنے فالوورز ہیں اور وہ کتنا معاوضہ لیتے ہیں۔
گزشتہ برس اداکارہ پریانکا چوپڑا اس فہرست میں 19ویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں جو ہر پوسٹ کیلئے 2 لاکھ 71 ہزار ڈالر وصول کرتی پائی گئیں۔
رواں برس اداکارہ پریانکا چوپڑا کے فالوورز کی تعداد بھی بڑھ چکی ہے اور اسی حساب سے ان کے معاوضے میں بھی خاطر خواہ اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
ہمسایہ ملک میں کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی اس فہرست میں جگہ بنانے والے دوسرے اور آخری بھارتی شہری ہیں جو ہر پوسٹ کا معاوضہ 6 لاکھ 80 ہزار ڈالر لیتے ہیں۔
فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اس فہرست میں 29 کروڑ 50 لاکھ فالوورز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جو ہر پوسٹ کیلئے 16 لاکھ 4 ہزار ڈالر وصول کرتے ہیں۔
فہرست میں شامل دیگر مشہورو معروف شخصیات اور ستاروں میں ڈیوین جانسن (دی راک)، کائلی جینر اور ٹیلر سوئفٹ کے نام شامل ہیں۔
حال ہی میں پریانکا چوپڑا کو وکٹوریا سیکریٹ کیلئے نیا چہرہ نامزد کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پوری دنیا کو یہ بتانا اہم ہے کہ ہمیں دیکھا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم پاکستان کی واحد امید، دیانتدار اور مخلص رہنما ہیں۔عمران عباس