دبئی: صدر ڈاکٹر عارف علوی اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم شیخ رشید المکتوم نے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس عزم کا اعادہ دبئی ایکسپو 2020 میں لیڈرز پویلین میں منعقدہ اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں ، مشترکہ عقیدے ، ہمارا مشترکہ تاریخ اور ثقافتی ورثہ ہے۔
دونوں رہنماؤں نے تمام محاذوں پر دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جبکہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر نے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم کو دبئی ایکسپو 2020 کے کامیاب افتتاح پر مبارکباد دی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی حکومت اور ایکسپو مینجمنٹ ٹیم کی دنیا کی سب سے بڑی متنوع اور وسیع پیمانے پر نمائش کے انعقاد کے لیے زبردست کوششوں کی تعریف کی، نمائش چھ ماہ تک جاری رہے گی۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایکسپو 2020 نہ صرف متحدہ عرب امارات بلکہ پورے خطے کے لیے ایک اہم ایونٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دبئی ایکسپو 2020 خطے اور دیگر ممالک کی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
صدر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو پاکستان پویلین کے موضوع پر بھی آگاہ کیا ، جو بنیادی طور پر پاکستان مصنوعات کی فروغ کے لیے لگایا گیا ہے۔
صدر اور شیخ مکتوم نے دو طرفہ اور علاقائی دلچسپی کے امور بشمول افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم کو بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کیا اور کشمیری مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے بھی آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں کردار ہمیشہ اہم رہا ہے، صدر عارف علوی