اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کھاریاں تا سیالکوٹ موٹر وے کا سنگِ بنیاد آج رکھیں گے جس کی تقریب شہرِ اقتدار میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت نے کھاریاں سے سیالکوٹ تک موٹر وے بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان آج موٹر وے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔
کھاریاں تا سیالکوٹ موٹر وے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب آج وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوگی جس سے عمران خان خطاب بھی کریں گے جس میں اہم اعلانات متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بد قسمتی سے بچوں کی تعلیم پر توجہ نہیں دی گئی، موجودہ حکومت کی کوشش ہے کہ ہم غریب بچوں کو تعلیم سے آراستہ کریں۔
گزشتہ روز احساس تعلیم پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بچوں کی بنیادی تعلیم بہت اہم ہے، پاکستان کے 2 کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے، ضروری ہے کہ ہم اسکول سے باہر 2 کروڑ بچوں کو تعلیم دلائیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے مستحق گھرانوں کیلئے اسکول وظائف اسکیم کا آغاز کردیا
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آج سے 3 روز قبل منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متاثر ہوتا ہے لہذا اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے پر توجہ دی جائے۔
مزید پڑھیں: عام آدمی کا تحفظ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم