لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز جاری ہیں۔ پشاور زلمی کو قلندرز کے خلاف میچ میں اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جبکہ مخالف ٹیم کی بولنگ لائن مضبوط سمجھی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں آج پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا میچ ہوگا جو لیگ مرحلے کا آخری مقابلہ ہے۔ تاحال لاہور قلندرز کے 9 میں سے 6 مقابلے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے شکست کے باوجود پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لیا
کامران غلام اور فخر زمان اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں۔ محمد حفیظ، فل سالٹ اور ڈیوڈ ویزہ بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے گزشتہ میچ میں ٹاپ آرڈر کو زیادہ رنز نہیں بنانے دئیے جس پر ہیری بروک نے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔
قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان پشاور زلمی کیلئے بڑا چیلنج ثابت ہوسکتے ہیں۔ راشد خان پی ایس ایل میں سفر تمام کرچکے، جن کا خلا پر کرنا بھی اہم ہے۔ پشاور زلمی کی ٹیم نے 5 میچز جیت کر 10 پوائنٹس اسکور کیے ہیں۔
زلمی کے کھلاڑی کوہلر کیڈمور اور لیام لیونگسٹن زخمی ہیں جبکہ شرفین ردر فورڈ نجی مصروفیات کے باعث وطن واپس لوٹ گئے۔ پشاور کے کپتان وہاب ریاض کو بہتر کھلاڑی سامنے لا کر لاہور قلندرز کیلئے میچ مشکل کرنا ہوگا۔
افغانستان کے حضرت اللہ زازئی اور محمد حارث ہی بیٹنگ میں زلمی کی امیدوں کا مرکز ہیں۔ شعیب ملک اور حسین طلعت آل راؤنڈرز کے طور پر دونوں طرح ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔ لاہور قلندرز پہلے بھی پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے چکی ہے۔
قلندرز کی ٹیم قذافی اسٹیڈیم کو ہوم گراؤنڈ سمجھ کر پشاور زلمی کو آسانی سے ایک بار پھر شکست دے سکتی ہے۔ ایسے میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض پر منحصر ہے کہ وہ لاہور میں سامنے آنے والے نئے چیلنجز کا کیسے سامنا کرتے ہیں۔