لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی ٹیم کے سابق بیٹسمین محمد یوسف اور سابق فاسٹ بالر عمر گل کو اہم ذمہ داریاں دینے پر غور کررہا ہے جو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے دوران دئیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم عنقریب پاکستان کا دورہ کرنے والی ہے۔ ہوم سیریز میں قومی ٹیم عارضی کوچنگ سیٹ اپ کے تحت ذمہ داریاں سرانجام دے گی۔ واضح رہے کہ عارضی کوچنگ سیٹ اپ سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سابق بالنگ کوچ وقار یونس کے استعفوں کے بعد قائم کیا گیا۔
بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ، عابد علی نے سنچری اسکور کر لی
پہلا ٹیسٹ،بنگلہ دیش کے خلاف حسن علی کی 5 وکٹیں، پاکستان کے 145 رنز
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپن بالر ثقلین مشتاق عبوری ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف عارضی طور پر کوچنگ کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں جبکہ سابق فاسٹ بالر بولنگ کوچ کے طور پر کام کرسکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ اور بالنگ کے عارضی کوچز کی تعیناتی پر غور شروع کردیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ جبکہ عمر گل کو بالنگ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے تاہم دونوں نئے کوچز اپنے اپنے عہدوں پر مختصر مدت تک کام کریں گے۔
آئندہ ماہ 9 دسمبر کے روز ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے کیلئے کراچی پہنچنے والی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 3 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ مستقل کوچز کی تعیناتی کیلئے کرکٹ بورڈ جلد اشتہار دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔