کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ گذشتہ ہفتے بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی مسلسل پانچوں دن مندی سے کے ایس ای100 انڈیکس 1500پوائنٹس گھٹ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس46ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے گھٹ کر45ہزار پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔
مندی کے نتیجے میں مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے304ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اور 72.79فیصد حصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔گذشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کافی عرصے بعد پانچوں دن مندی کے بادل چھائے رہے۔
ماہرین کے مطابق افغانستان کی غیر یقینی صورتحال،جاری کھاتے کا خسارہ بڑھنے،درآمدی شعبوں کی ڈیمانڈ بر قرار رہنے،مانیٹری پالیسی میں شرح سود کے بڑھ جانے اور آئندہ دنوں میں شرح سود میں مزید اضافے کا امکان۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں 1562.56پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے انڈیکس 46636.08پوائنٹس سے کم ہو کر45073.52پوائنٹس ہو گیا۔
اسی طرح737.96پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 18480.32پوائنٹس سے کم ہو کر17742.36پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32061.93پوائنٹس سے کم ہو کر30777.71پوائنٹس پر آگیا۔
شدید ترین کاروباری مندی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 3کھرون4ارب7کروڑ62لاکھ23ہزار224روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے سرمائے کا مجموعی حجم 81کھرب35ارب38کروڑ7لاکھ24ہزار194روپے سے کم ہو کر78کھرب31ارب30کروڑ45لاکھ970روپے رہ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس46694.50پوائنٹس کی بلند سطح پر کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس44858.40پوائنٹس کی پست سطح پر بھی ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ17ارب روپے مالیت کے58کروڑ37لاکھ32ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم8ارب روپے مالیت کے19کروڑ47لاکھ20ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر کا بڑا اقدام، افغانستان سے تازہ پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم