اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں ہونیوالے فراڈ کا حل ٹیکنالوجی ہے، پہلی بار ٹیکنالوجی کے استعمال سے انتخابات کرائیں گے،اُنہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے الیکشن کو سب تسلیم کریں گے۔
وزیراعظم کا نادرا ہیڈ کوارٹرز کے دورہ پر منعقدہ تقریب میں خطاب میں کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے 21 ویں صدی کا الیکشن کرائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور ڈیٹا کے استعمال سے انتخابات کو شفاف بنایا جاسکتا ہے۔ حکومت کا اصل کام شہریوں کی زندگی میں آسانیاں لانا ہے، پاکستان میں تقریباً 30 لاکھ افغان شہری ہیں۔
دوسری جانب واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے 66 نئے دفاتر اور شناختی کارڈز اور ورک پرمٹ کے اجراء کیلئے نئی موبائل ایپ کا افتتاح آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے جہاں 90 نئی موبائل رجسٹریشن وینز کا آغاز کیا جائے گا تاکہ نادرا کے آفسز کو تحصیل کی سطح تک وسعت دی جاسکے۔
آج وزیر اعظم عمران خان طویل مدت سے پاکستان میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے ایلین شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ کا آغاز بھی کریں گے۔
ایلین شناختی کارڈ کے اجراء سے غیر ملکی شہری اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ پاکستان میں کاروبار کرسکیں گے، غیرملکی بچے نجی تعلیمی اداروں میں داخل ہوسکیں گے اور انہیں ملازمت کی بھی اجازت ہوگی۔
غیر ملکی شہریوں کو ایلین کارڈز کی بدولت موبائل سمز، یوٹیلٹی کنکشن، بینک اکاؤنٹ کھولنے گاڑیوں کی رجسٹریش اور خریدوفروخت کی بھی اجازت دی جائے گی۔
کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کو فارن ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان کوویڈ 19 پاس کے نام سے موبائل ایپ کا افتتاح بھی کریں گے۔
موبائل ایپ کوویڈ 19 پاس کورونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کیلئے استعمال ہوسکے گی جس سے اندرون اور بیرونِ ملک میں سفر کرنے والے شہری فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کا کیو آر کوڈ اسکین کرنے سے کوئی بھی شہری اپنے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرسکے گا جس کے ذریعے سرٹیفکیٹ کے حامل کا نام، پاسپورٹ نمبر اور دیگر تفصیلات دیکھی جاسکیں گی۔
وزیر اعظم عمران خان مصنوعی ذہانت پر مبنی نادرا سسٹم کا افتتاح بھی کریں گے جس کا مقصد جعلی شناختی کارڈ کے چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ نادرا کے نئے چیئرمین طارق ملک نے مختصر وقت میں یہ سسٹم ڈیزائن کیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم موبائل فون ایپ اور نادرا کے 66نئے دفاتر کا افتتاح آج کریں گے