اسلام آباد: نیشنل الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے پیشِ نظر ایک بار پھر بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا حکام بجلی 95 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ الیکٹرانک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے اپنے فیصلےسے پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کردیا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جائیگا۔
وزیر اعظم کا پیٹرول اور بجلی کی قیمت میں کمی کا فیصلہ
وفاقی حکومت نیپرا کے فیصلے کو مسترد کرنے کا حق رکھتی ہے، تاہم نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسطاً 53 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ کیا۔ مختلف سیلز کیلئے بجلی کی قیمت میں 8 سے 95 پیسے تک فی یونٹ اضافے کا خدشہ ہے۔
نیپرا نے حکومت سے بجلی کے 100 یونٹ تک استعمال کیلئے قیمت میں 8 پیسے فی یونٹ، اسی طرح 101 سے 200 یونٹس تک 18 پیسے،201 سے 300 یونٹ تک 48 پیسے جبکہ 301سے 700یونٹس تک 95 پیسے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
نیپرا نے حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کردیا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10، 10 روپے اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں قیمتوں میں اضافہ بھی نہیں کریں گے۔
وزیر اعظم نے گزشتہ ماہ قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمت نیچے آنے کا امکان نہیں مگر ہم پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی فی یونٹ قیمتوں میں اگلے بجٹ تک اضافہ نہیں کریں گے۔