لاہور: کالعدم تحریکِ لبیک کا ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج جاری ہے، سڑکیں بند کردی گئیں، نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ حافظ سعد رضوی کو رات گئے نامعلوم مقام پر لے جا کر مذاکرات شروع کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے کالعدم تحریکِ لبیک سے مذاکرات دوبارہ شروع کردئیے۔سماء ٹی وی کا کہنا ہے کہ حافظ سعد رضوی کو جیل سے باہر نامعلوم مقام پر لے جایا گیا۔ حکام نے رات 3 بجے ٹی ایل پی کے سربراہ سے بات چیت کی۔
کالعدم ٹی ایل پی سے معاملات شائستگی سے حل کئے جائیں،فضل الرحمان
ٹی ایل پی کا احتجاج، اسلام آباد میں پیراملٹری فورس تعینات کردی گئی
رات کو 3 بجے جیل کے باہر حافظ سعد رضوی اور حکام نے جیل کے باہر ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹی ایل پی کے سربراہ کی رہائی کے بعد ملک بھر میں احتجاج تھم جائے گا اور صورتحال حکومت کے کنٹرول میں ہوگی۔
باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دیگر مطالبات پورے کرنے کیلئے بھی قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ دوسری جانب کالعدم تنظیم نے راولپنڈی، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھرپور احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔
کالعدم ٹی ایل پی کے اسلام آباد لانگ مارچ کے باعث جڑواں شہروں کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کردی گئیں۔ راولپنڈی میں فیض آباد انٹرچینج سے صدر تک مری روڈ کو دونوں طرف سے کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔
چاندنی چوک سے فیض آباد تک مری روڈ سیل کی گئی۔ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ سکستھ روڈ تک پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ متبادل راستے عوام کے رش کے باعث شدید ٹریفک جام کا شکار ہیں۔
راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی بند کردی گئی، تاہم اسلام آباد میں تاحال میٹرو سروس برقرار ہے۔ شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو بس سروس تاحکمِ ثانی معطل رہے گی۔ عوام کو رکاوٹوں کے باعث شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔