اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیوں کا اطلاق آج سے کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن نہ کرانے والے افراد آج سے فضائی سفر نہیں کرسکیں گے، نہ ہی شادی بیاہ کی تقریبات میں شریک ہوسکیں گے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر کے فیصلے کے تحت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز میں خریدوفروخت کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔
این سی او سی کے فیصلے کے تحت کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد ریسٹورنٹس اور ہوٹلز میں بیٹھ کر کھانا نہیں کھا سکیں گے، نہ ہی گیسٹ ہاؤسز میں قیام و طعام کی اجازت دی جائے گی۔ تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو ویکسین نہ لگوانے پر نااہل قرار دے دیا گیا۔
اس کے علاوہ مختلف شہروں میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کے ٹرانسپورٹ استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد ہے۔ ٹرانسپورٹ سے وابستہ ویکسین نہ لگوانے والے افراد آج سے ڈیوٹی بھی ادا کرنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 1 ہزار 411 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 56 مزید شہری جاں بحق ہو گئے۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 2.87فیصد رہی۔
وفاقی حکومت کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 46 ہزار 538 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس میں مبتلا 27 ہزار 785 شہری جان کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 1ہزار 411 نئے کیسز رپورٹ، 56مزید شہری جاں بحق