اسلام آباد: قومی اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کا نوٹس اراکین کو جاری کردیا ہے جس کا مقصد ووٹنگ کے عمل میں تمام ارکان کی شرکت یقینی بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کیلئے نوٹس سیکریٹری قومی اسمبلی نے ایم این ایز کو جاری کیا۔ اراکین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ ایوان کو وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا نوٹس موصول ہوچکا ہے۔
عمران خان کے 28 ساتھیوں کی وفاداریاں تبدیل، حکومتی پتے بکھر گئے
قبل ازیں اپوزیشن اراکین نے وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد 11 روز قبل 8مارچ کو جمع کرائی تھی۔ 16 مارچ کے روز سیکریٹری قومی اسمبلی کی جانب سے اراکین کو آگاہ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کے حق میں اور خلاف ملاقاتوں، جوڑ توڑ اور سیاسی بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی کی صورت میں وزیر اعظم کو اپنی نشست چھوڑنا ہوگی۔
دوسری جانب وزیر اعظم کی عوامی رابطہ مہم بھی زور و شور سے جاری ہے۔ حکومت نے اپوزیشن کے سیاسی رہنماؤں پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کیا ہے۔ ق لیگی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کشتی میں چھید ہوچکا ہے۔