جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 335 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 4 ہزار 633 ہو گئی۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 1 لاکھ 26 ہزار 367 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 5 ہزار707 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 68 ہزار 304 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے۔ وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں بھی معمولی کمی آئی ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 124 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔وائرس پاکستان اور ہمسایہ ممالک سمیت امریکا بھی پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس نے اٹلی میں مقیم پاکستانی شہری کی زندگی چھین لی۔ متوفی اٹلی کے شہر میلان کا رہائشی تھا ،نعش کو وطن واپس لانے کے لئے رابطے شروع کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 65 سالہ پاکستانی کئی سالوں سے اٹلی میں مقیم تھا۔ پاکستانی اور اطالوی حکومتیں شہری کی میت پاکستان واپس کرنے کا انتظام کرنے کے لئے رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس نے ایک پاکستانی شہری کو زندگی سے محروم کردیا