اسلا م آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، بڑے بڑے کرپشن اسکینڈلز اور نااہلی کا جواب دینا پڑے گا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درخواست دینے والا اتنا سپرانٹیلی جنٹ کون ہے، اس درخواست گزار کا چہرہ قوم کو دکھایا جائے، درخواست دینےوالے کو 21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ نیب سے، مجھے گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑتا، درخواست کو پڑھ کر لگا جیسے بچے ڈر رہےہیں، مجھے ڈرانے والے بھول میں ہیں۔
مریم نوازنے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آئینی وزیراعظم ہیں نہ منتخب، وہ سلیکٹڈ ہیں، عمران خان کے پاس عوام کا مینڈیٹ نہیں ہے، عمران خان وزیراعظم کی کرسی پر قابض ہیں اورجادو ٹونہ کے ذریعے ملک کو چلا رہے ہیں، جنترمنتر سے پٹرول اور آٹا سستا کیوں نہیں کرتے؟۔
ان کا کہنا ہے کہ جو شخص ملک کی اہم ترین تقرریاں جادو ٹونے سے کرتا ہو، بجائے وزیراعظم کے جنات تقرریاں کرتے ہوں تو پھر اس ملک کا دنیا میں تماشہ بننا کوئی حیرانگی کی بات نہیں ہے اگر انکا جادو ٹونا اتنا ہی کامیاب ہے تو وہ عوام کی بھلائی کیلئے کیوں استعمال نہیں ہوتا۔
مزید پڑھیں:
مریم نواز کی آزادی ختم؟ نیب نے ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کردی
مریم نواز کے جنرل فیض حمید، سابق چیف جسٹس اور دیگر پر سنگین الزامات
انہوں نے کہا کہ کیا آپ نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے؟ آج آپ کو ووٹ کو عزت دو یاد آگیا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطر جیل کاٹنی پڑتی ہے، جلاوطن ہونا پڑتا ہے، ووٹ کو عزت دو کی خاطراٹک قلعہ میں جانا پڑتا ہے، نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہننے سے کوئی شیرنہیں بن جاتا، بڑے بڑے کرپشن اسکینڈلز اور نااہلی کا جواب دینا پڑے گا۔
اس سے قبل ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کیخلاف مریم نواز کی اپیل پر سماعت ہوئی، مریم نواز اپنے وکیل عرفان قادر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔