سندھ میں پیر سے لاک ڈاؤن ختم نہیں ہورہا، مراد علی شاہ کا واضح اعلان

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا کے باعث24گھنٹوں کے دوران مزید 14 مریض انتقال کرگئے،وزیراعلیٰ سندھ
کورونا کے باعث24گھنٹوں کے دوران مزید 14 مریض انتقال کرگئے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبہ سندھ پیر سے لاک ڈاؤن ختم نہیں کررہا ہم کچھ اضافی پابندیوں بالخصوص ہاٹ سپاٹ پر لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں کہ لاک ڈاؤن ختم ہورہا ہے۔

وضاحتی بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ میڈیا چینلز یہ تاثر دے رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن پیر کے روز سے ختم ہورہا ہے جو سراسر غلط ہے، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں جس کے تحت ہاٹ سپاٹ پر سخت کنٹرول شروع کرنے جارہے ہیں۔

تاہم دوسرے مرحلہ میں تعمیراتی شعبوں کو معمولی چھوٹ دی جائے گی اور محلوں میں الگ تھلگ دکانوں کو حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ ہوائی جہاز، ٹرین اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے گی، ہمارا لاک ڈاؤن ہمارے ڈیٹا سے منسلک ہے، ہمارے صوبائی صحت کی صلاحیت اس وقت 20 فیصد ہے، ہم اپنی صلاحیت کے مطابق اپنے حفاظتی اقدامات کو مستقل طور پر ایڈجسٹ کریں گے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم کے مطالبا ت تسلیم کرتے ہوئے آج تاجر برادری اور ایم کیو ایم کے نمائندوں سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ کے ڈی اے کے ورک چارج ملازمین جو تنخواہوں سے محروم ہیں انہیں عید سے پہلے تنخواہ ادا کی جائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں کنور نوید جمیل، وسیم اختر اور خواجہ اظہار الحسن شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کے علاوہ ناصر حُسین شاہ، سعید غنی، مرتضٰی وہاب اور سہیل سیال شریک تھے۔ ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ تاجروں سے فی الفور ملاقات کر کے انکے مسائل حل کئے جائیں، کاروبار کھولنے کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کیا جائے۔

تاجر برادری کے ساتھ سندھ پولیس کے ناروا رویے پر سخت ایکشن لیا جائے، ایم کیو ایم کے وفد نے مزید مطالبات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو فعال کرکے شہریوں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں۔

کے ایم سی کے ملازمین کی تنخواہوں میں جو 15 فیصد اضافہ ہوا تھا وہ جلد از جلد ادا کیا جائے،وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کروائی کہ تاجروں کے مسائل جلد حل کئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید یقین دہانی کروائی کہ کے ایم سی کے ملازمین اور کے ڈی اے کے ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے وفد نے وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت اپنی یقین دہانیوں کا پاس رکھتے ہوئے جلد تمام دیرینہ مسائل حل کریں گی۔

Related Posts