شہر قائد،موسلا دھار بارش سے متعدد علاقے زیر آب،بجلی گرنے اور کرنٹ لگنے سے ہلاکتیں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: شہرقائد میں مسلسل کئی گھنٹوں سے تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، لانڈھی، کورنگی، فیڈرل بی ایریا، انڈسٹریل ایریا، شاہ لطیف ٹاؤن، بن قاسم، قائد آباد، سعدی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔

نکاسی آب کے موثر انتظامات نہ ہونے کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ جس کے باعث مختلف علاقوں میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ِ،سرجانی ٹاؤن اور شادمان ٹاؤن کے اطراف میں صورتحال خوفنک ہوگئی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تمام رہائشی آبادی زیر آب آگئی ہے۔

بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے بھی متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، میمن گوٹھ کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 170 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔دوسری جانب تھرپارکر سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارشوں کا سلسلہ دو روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

Related Posts