اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کی اسٹیبلشمنٹ کے بغیر کوئی حیثیت نہیں جبکہ سیاسی رہنما نظریات کیلئے قربانیاں دیتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کیلئے منتیں کر رہے ہیں۔ پہلے جنرل (ر) باجوہ کی تعریف ہوتی تھی، آج کل کورٹ مارشل کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔
توہینِ عدالت، عمران خان کیخلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار
پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کی سیاست کی اسٹیبشلمنٹ کے وینٹی لیٹر کے بغیر کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے اسٹیبشلمنٹ کی سرپرستی کے بغیر نہ ایک لمحہ سیاست کی اورنہ ہی کبھی ایک قدم بھی اٹھایا۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ عمران خان کے علاوہ 75سال میں کسی بھی ملزم نے عدالتوں میں پیشی سے انکار نہیں کیا، سیاسی رہنما ساکھ، عزت اور نظریات کیلئے قربانیاں دیتے ہیں۔ نواز شریف نے سیکڑوں بار پیشیاں بھگتیں، قید اور نااہل بھی ہو گئے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل کے پاس وکالت نامہ ہی نہیں تھا۔ یہ بھول جاتے ہیں کہ پلاستر ان کی دائیں ٹانگ پر ہے یا بائیں ٹانگ پر جبکہ ہم تحمل سے کام لے رہے ہیں۔ حکومت کو کوئی جلدی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شبلی فراز نے لکھ کر دیا کہ عمران خان گھر پر نہیں جبکہ عمران خان گھر پر تھے۔ کچھ دیر بعد وہاں سے نکلے اور تقریر بھی کی۔ پی ٹی آئی کارکنان کو پتہ چل رہا ہے کہ عمران خان بزدل ہے۔ آپ گرفتار ہوں گے جس کی ہمیں کوئی جلدی نہیں ہے۔