کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پی پی کے سیاسی ایڈمنسٹریٹر سے اچھے کی امید نہیں کی جاسکتی، سندھ حکومت کے جیالے نے بلدیہ میں اپنے جیالوں کی ٹیم بنانا شروع کردی ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگائے پر ردعمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ جیالے ایڈمنسٹریٹر کی بلدیہ عظمیٰ میں انٹری ملازمین پر قہر بن کر ٹوٹی ہے، انہوں نے آتے ہی سیاسی بھرتیوں کیلئے محکمے میں اکھاڑ پچھاڑ کررہے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ 9ہزار سے بھی کم ووٹ لینے والے کو 3 کروڑ سے زائد آبادی والا شہر دیدیا گیا، مرتضیٰ وہاب بااختیار ایڈمنسٹریٹر ہیں یا بےاختیار؟پی پی نے کراچی کے بلدیاتی مسائل کو مزید بڑھانے کیلئے تمام تجربے کرلیے
رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کراچی کو لاوارث سمجھنا چھوڑدے، سندھ کے سرٹیفائیڈ جعلسازوں کو ایڈمنسٹریٹر کی آڑ میں پیسہ پار کرنے نہیں دیں گے۔ شہر قائد کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی پر خاموش نہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی لگائے جانے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دفتر خارجہ نے مقبوضہ وادی میں دہشتگرد داخل کرنے کا بھارتی الزام مسترد کردیا