لاہور: پب جی گیم کے ذریعے ہونے والی دوستی کے باعث کراچی کی نوجوان لڑکی لاہور میں جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی، ملزمان نے پب جی گیم کے دوران لڑکی سے دوستی کی اور پھر شادی کا جھانسہ دے کر مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ایک اور حوا کی بیٹی جنسی درندگی کا شکار ہوگئی، تھانہ نارتھ کینٹ کی حدود میں تین نوجوانوں نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا جس کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں تین نوجوانوں حارث، حسن اور وحید کو نامزد کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کو ہر قیمت پر انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
مقدمے کے متن کے مطابق حارث نامی نوجوان نے پب جی گیم کے ذریعے کراچی سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے دوستی کی، جس کے بعد حارث نے لڑکی کو شادی کے بہانے لاہور بلالیا۔
ملزم حارث نے لڑکی کے لاہور پہنچنے پر اسے نجی ہوٹل منتقل کیا اور تین دن تک زیادتی کرتا رہا، پھر اسے چھوڑ کر چلا گیا جب لڑکی واپس جانے کیلیے ریلوے اسٹیشن پہنچی تو وہاں اس کی حسن اور وحید سے ملاقات ہوگئی۔
اسٹیشن پر ملنے والے دونوں ملزمان نے لڑکی کو لاہور میں ہی نوکری کا جھانسہ دیا اور ایک گھر میں لے جاکر جنسی زیادتی کی، مقدمے کے متن کے مطابق کراچی سے آئی لڑکی نے بھاگ کر جان بچائی۔
مزید پڑھیں: سٹی کورٹ کے لاک اپ میں قیدیوں سے مبینہ طور پر پیسے لیکر سہولیات دینے کا انکشاف