بالی ووڈ شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کیلئے زندگی تبدیل کردینے والا تجربہ ثابت ہونے والی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث طویل تاخیر کا شکار ہونے والی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی ہدایات سنجے لیلا بھنسالی نے دی ہیں جس میں عالیہ بھٹ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔
فلمساز سنجے لیلا بھنسالی اور عالیہ بھٹ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جس کے بعد فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے میں معاشی مسائل کا بھی سامنا رہا۔ تاہم، مشکلات پر قابو پانے کے بعد فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے فلم کے سیٹ سے اپنی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی شوٹنگ 8 دسمبر 2019ء کے روز شروع کی اور اب 2سال بعد جا کر شوٹننگ کاکام مکمل ہوا ہے۔
اداکارہ عالیہ بھٹ نے کہا کہ گنگوبائی کاٹھیاواڑی کے نام سے یہ فلم 2 لاک ڈاؤنز، دو سمندری طوفان اور اداکار و ہدایتکار کے کورونا میں مبتلا ہونے سمیت متعدد مشکلات کا شکار رہی۔ ایک اور مسئلہ یہ بھی ہوا کہ ایک اور فلم کی شوٹنگ بھی اسی سیٹ پر ہوئی۔
عالیہ بھٹ نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی شوٹنگ میرے لیے زندگی تبدیل کردینے والا تجربہ ثابت ہوئی ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی کی کسی فلم میں کام کرنا میرے لیے کسی خواب کے سچ ہونے کی طرح اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گنگو بائی کاٹھیاواڑی کی شوٹنگ مکمل ہونے پر میں آج ایک مختلف انسان بن کر ابھری ہوں۔ عالیہ بھٹ نے فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسا ہدایتکار کوئی اور نہیں ہے۔ میں گنگو بائی کوہمیشہ یاد کروں گی۔
قبل ازیں رواں برس کے دوران اداکارہ عالیہ بھٹ اور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کورونا کا شکار ہوئے اور جیسے ہی وہ صحتیاب ہوئے تو وائرس کی دوسری لہر نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے دوران ٹی وی اور فلم کی تمام تر پروڈکشن بند کرنی پڑی۔
معروف مصنف حسین زیدی کی کتاب ممبئی کی مافیا کوینز کی کہانی پر مبنی فلم کی شوٹنگ رواں ماہ ایک بار پھر شروع کی گئی۔ عالیہ بھٹ نے گنگوبائی کا کردار نبھایا جو 1960ء کی دہائی میں کماٹھیپورا کا اہم کردار سمجھا جاتا ہے، فلم رواں برس 30جولائی کو ریلیز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا پہلی بار امریکا میں کھولے گئے ذاتی ریسٹورنٹ میں پہنچ گئیں