سی پیک کے تحت آج ہونے والا جے سی سی کا 10واں اجلاس ملتوی کردیا گیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سی پیک کے تحت آج ہونے والا جے سی سی کا 10واں اجلاس ملتوی کردیا گیا
سی پیک کے تحت آج ہونے والا جے سی سی کا 10واں اجلاس ملتوی کردیا گیا

اسلام آباد: پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت آج ہونے والا جے سی سی کا 10واں اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی (جے سی سی) کا 10واں اجلاس آج منعقد ہونے والا تھا جسے کوئی وجہ بتائے بغیر غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کیا گیا ہے۔

پاکستانی اور چینی حکام کے مابین آج ہونے والے ورچؤل جے سی سی اجلاس کو ملتوی کرنے کی بظاہر کوئی وجہ بیان نہیں کی گیئ۔ اجلاس اکتوبر 2019 کے بعد ہونا تھا جبکہ آخری بار جے سی سی کی میٹنگ کورونا سے قبل ہوئی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ جے سی سی کا 10واں اجلاس 16 جولائی کے روز ہونا تھا لیکن اسے ملتوی کردیا گیا ہے۔

پیغام میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ جے سی سی کا اجلاس عید کے بعد منعقد ہونے کی توقع ہے۔ نئی تاریخ پر فی الحال اتفاقِ رائے نہیں ہوا، اتفاق ہونے کے بعد تاریخ بتا دی جائے گی تاہم اجلاس کیلئے تیاریاں جاری ہیں۔ 

آفیشل ذرائع کا کہنا ہے کہ جے سی سی کا اجلاس چین کی درخواست پر ملتوی کیا گیا۔ جمعرات کے روز جب چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل عاصم سلیم باجوہ اور وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر کی ملاقات ہوئی تو انہیں جے سی سی کے متعلق آگاہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر اور چیئرمین سی پیک اتھارٹی کو بتایا گیا کہ چین کی درخواست پر جے سی سی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ جنرل عاصم سلیم باجوہ اور وزیرِ منصوبہ بندی جے سی سی اجلاس کے دوران زیرِ غور لائے جانے والے موضوعات پر گفتگو کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کسی کو پسند ہو یا نا پسند، سی پیک پاکستان کی ضرورت ہے، منطقی انجام تک پہنچا کر رہیں گے۔

آج سے 13 روز قبل نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) پرقومی اتفاقِ رائے ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: کسی کو پسند ہو یا نہ ہو، سی پیک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔وزیرِخارجہ

Related Posts