پاکستانی اداکارہ اقراء عزیز نے کہا ہے کہ مجھے ٹیلی ویژن کے پلیٹ فارم سے اتنی شہرت ملی کہ اب فلموں میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ اقراء عزیز نے کہا کہ میری یہ سوچ ہے کہ ٹی وی عوام تک اپنی کارکردگی پہنچانے کیلئے ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ جہاں سینما یا کیبل نہ ہو، وہاں ٹی وی ضرور پایا جاتا ہے۔
گفتگو کے دوران اداکارہ اقراء عزیز نے کہا کہ جب عوام ٹی وی کے ذریعے اپنے پسندیدہ ڈرامے دیکھتے ہیں اور اداکاروں کے ساتھ ایک رابطہ استوار کرتے ہیں تو اس سے ہماری شہرت میں اضافہ ہوتا ہے۔
اادکارہ اقراء عزیز نے کہا کہ ٹی وی پر شہرت پانے کے بعد مجھے فلموں میں کام کرنے کی حاجت محسوس نہیں ہوتی جبکہ اداکاری کے میدان میں ہمیں پسند کرنے والے اگر تعریف کرتے ہیں تو انہیں تنقید کا بھی حق حاصل ہے۔
اقراء عزیز نے کہا کہ تنقید کے ردِ عمل کے طور پر کوئی فنکار برا مانے، یہ درست نہیں تاہم نکتہ چینی کیلئے بھی ایک مروجہ طریقہ کار ہے جس کی پیروی کرنی چاہئے۔ میں ہمیشہ مثبت تنقید پر داد دیتی ہوں۔
ٹی وی ڈراموں کی یکسانیت سے بھرپور کہانیوں کے بارے میں اقراء عزیز نے کہا کہ میڈیا بہت آگے جا چکا ہے۔ ہمیں بھی اپنی فرسودہ روش کو ترک کرکے مختلف اور نت نئے موضوعات پر ڈرامے بنانے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرامے کی کہانی اگر ہماری زندگی کے ساتھ منسلک نہیں بھی ہوتی تو ایسی ہونی چاہئے کہ لوگوں کیلئے سبق آموز ثابت ہوسکے۔ اقراء عزیز نے رقیب سے نامی ڈرامے میں ساتھی اداکاروں کی تعریف بھی کی۔
ساتھی اداکاروں کی کارکردگی سراہتے ہوئے اقراء عزیز کا کہنا ہے کہ میں ثانیہ سعید، نعمان اعجاز اور حدیقہ کیانی کے ساتھ کام سے قبل خوفزدہ تھی تاہم اس دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
نعمان اعجاز کی تعریف کرتے ہوئے اداکارہ اقراء عزیز نے کہا کہ نئی نسل شاید ایسے فنکاروں کے نام بھی نہیں جانتی جن کے ساتھ نعمان اعجاز کام کرچکے ہیں۔ نعمان اعجاز نئے ساتھی فنکاروں کی مدد کرتے ہیں اور شوٹنگ کے دوران میرے ساتھ بھی ریہرسل کرتے تھے تاکہ میں حقیقت سے قریب اداکاری کرسکوں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ اقرا عزیزاوریاسرحسین کا فہد مصطفی کوٹک ٹاک پرجواب