پاکستان کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جیل جانا پڑا تو جاؤں گی، مریم نواز

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جیل جانا پڑا تو جاؤں گی، مریم نواز
پاکستان کے عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جیل جانا پڑا تو جاؤں گی، مریم نواز

ملتان: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے جیل جانا پڑا تو کوئی پرواہ نہیں،انہوں نے کہاہے کہ اس سے پہلے پی ڈی ایم اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے، عمران خان خود اقتدار چھوڑدو۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومتی وزراء کے جلسے میں کرونا نہیں آتا،پی ڈی ایم کے جلسے میں کرونا آجاتا ہے،پاکستان کے سب سے بڑے وائرس کا نام عمران خان ہے،کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے، عمران خان جنوبی پنجاب بنانے کا وعدہ بھی ایک فریب، جھوٹ اور دھوکہ تھا۔

جنوبی پنجاب محاذ کے سرغنہ آٹا اور چینی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں،پاکستان کے عوام جاننے چاہتا ہے اسرائیل کے حق میں چلنے والی مہم کے پیچھے بھی سلیکٹڈ اور سلیکٹر ز ایک ہی پیج پر ہیں یا نہیں؟۔

انہوں نے کہاکہ آپ کی بہادری کی قائل ہوگئی ہوں، آپ کی بہادری کو سلا م پیش کرتی ہوں، میں نے تو یہ سنا تھا کہ جلسے کی اجازت نہیں لیکن جب مجھے یہ پتہ چلا کہ ہمارے نہتے کارکنوں کی گرفتاریاں ہورہی ہیں، گھروں کی چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوہی ہے، جگہ جگہ راستے بند کئے جارہے ہیں۔

اسٹیڈیم کو تالے لگ گئے ہیں اور عوام پر ظلم کیا جارہا ہے میں نے سوچا جلسہ ہو یا نہ ہو مگر ملتان کے عوام کے پاس ضرورپہنچیں گی میں ملتان میں انٹر نہیں ہوئی تو جلسہ شروع ہو چکا ہے،آپ نے جلسہ گاہ بند کی اور ملتان کی ہر گلی ہر محلے میں جلسہ ہوا، آپ نے عمران خان کو مار مار کر بھگا دیا ہے۔

انہوں نے پنجابی میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جب موسیٰ کا ملتان اسلام آباد آئیگا تو تمہارا کیا بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو ان کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتی ہوں،اپنی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو زر داری کا خیر مقدم کرتی ہوں، ملتان کے عوام کو بتا دینا چاہتی ہوں کہ جب گھر پر مشکل آئے تو بیٹیاں باہر نکلتی ہیں جب بائیس کروڑ عوام پر مشکل آتی ہے تو پاکستان کی بیٹیاں باہر نکلتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پھر نوازشریف پر مشکل وقت ہے، شریف فیملی پر ایک اور قیامت ٹوٹی ہے،نوازشریف اور شہباز شریف پر مشکل وقت ہے، نوازشریف کی والدہ اللہ کو پیاری ہوگئی ہے، نوازشریف نے ٹیلیفون پر کہا اپنے دکھوں کو گھر پر چھوڑ کر نکلنا، عوام کے دکھ بہت بڑے ہیں اور ہمارا دکھ چھوٹا ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف نے کہا ملتان کے عوام کے پاس جانا مگر اپنے دکھوں کا ذکر مت کرنا اور عوام کے دکھوں پر اپنے ذاتی دکھ قربان ہیں، نوازشریف نے کہا جتنی زیادہ تکلیف میں ہوں اس سے زیادہ عوام تکلیف میں ہیں، عوام پر دکھوں کے پہاڑ ٹوٹتے ہیں، ہم جانتے ہیں معیشت کی تباہی کا غم ہے۔

روٹی تیس روپے ہوجانے کا غم ہے، کاروبارو ں کو تالا لگ جانے کا غم ہے، آپ کے چولہے ٹھنڈے ہو جانے کا غم ہے، دوائیوں کی قیمتیں بہت زیادہ باہر ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں جس کا غم ہے۔انہوں نے کہاکہ ملتان والے عزت والے لوگ ہیں۔

کہتے ہیں اللہ تعالیٰ دشمن بھی کسی کو دے تو ظرف والا دے، ہمیں دشمن بھی کم ظرف ملا،میری دادی کا انتقال ہوا تو پشاور کے جلسے میں بیٹھی ہوئی تھی اور موبائل سروس بند تھی میری دادی کے انتقال کو ڈھائی گھنٹے گزر گئے اور حکومت جانتی تھی مجھے اطلاع نہیں پہنچائی، میرے والد اور بہن بھائی لندن اور بچے گھر سے پاگلوں کی طرح فون کرتے رہے اور آگے سے سروس بند تھی۔

انہوں نے کہاکہ یہ نا اہل نہیں ہیں ان کے دماغوں میں غلاظت بھری ہے،جب میری والدہ آئی سی یو میں تھی تو پی ٹی آئی والے دروازے توڑ کرکمرے میں گھس گئے اور تصویریں بنانا شروع کر دیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک خاتون وزیر نے کہا اپنی ماں کی لاش پاکستان میں پارسل کر دی، میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ نوازشریف جیسا فرمانبردار بیٹا پاکستان سے ڈھونڈ کر تو دکھائیں۔

Related Posts