ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمت میں یکمشت 1 ہزار سے 1600روپے تک اضافہ کردیا گیا

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمت میں یکمشت 1 ہزار سے 1600روپے تک اضافہ کردیا گیا
ہنڈا موٹر سائیکل کی قیمت میں یکمشت 1 ہزار سے 1600روپے تک اضافہ کردیا گیا

شہریوں کیلئے کم قیمت سواری موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی ہنڈا نے اپنے موٹر سائیکلز کی قیمت میں یکمشت 1 ہزار روپے سے 1600 روپے تک اضافہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اقدام اٹلس ہنڈا لمیٹیڈ (اے ایچ ایل) نے یکطرفہ طور پر اٹھایا جبکہ گزشتہ 7 ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی جارہی ہے اور درآمدی لاگت بھی کم آرہی ہے۔

موٹر سائیکل ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اے ایچ ایل کی نافذ کردہ نئی قیمتوں کا اطلاق آئندہ ماہ یکم اپریل سے ہوگا۔ ہنڈا نے کوئی وجہ بتائے بغیر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ سی ڈی 70 کی قیمت میں 1000 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

ہنڈا سی ڈی 70 کی نئی قیمت 82 ہزار 900 روپے مقرر کردی گئی جبکہ سی جی 25 کی قیمت میں 1600روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت 1 لاکھ 36 ہزار 500 روپے مقرر کردی گئی۔

رواں برس ہنڈا نے 8 ماہ میں 8 لاکھ 36 ہزار 46 موٹر سائیکلز فروخت کیں جبکہ گزشتہ برس 7 لاکھ 194 یونٹس بیچے گئے۔ گزشتہ برس اگست سے لے کر اب تک 70 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں 8 سے 9ہزار روپے اضافہ نوٹ کیا گیا۔

اسی عرصے کے دوران 150-125 سی سی موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں 50 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا۔ کار کی قیمتوں میں اضافے کی شرح 2 سے 7 فیصد نوٹ کی گئی ہے۔ سوزوکی ویگن آر کی قیمت 16 لاکھ 40ہزار تک پہنچ گئی۔

قبل ازیں سوزوکی ویگن آر 16 لاکھ 5 ہزار روپے میں فروخت ہورہی تھی جبکہ کلٹس کی قیمت 17 لاکھ 45 ہزار سے بڑھا کر 17 لاکھ 80 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ درآمدی قیمت میں کمی کے باوجود اسمبلر کمپنیاں قیمتوں میں اضافہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل ہنڈا نے موٹر سائیکل کی قیمتوں میں 1 ہزار 600 روپے سے لے کر 2000 روپے تک اضافہ کردیا تھا جس پر شہریوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

آج سے 2 ماہ قبل ہنڈا موٹر سائیکل 125 کی قیمت میں 2000 روپے تک اضافہ کیا گیا ۔ ہنڈا 125 سی سی کی نئی قیمت 1 لاکھ 31 ہزار 900 روپے ہو گئی۔

مزید پڑھیں: موٹر سائیکل کی قیمتوں میں1 ہزار 600 سے 2000 روپے تک اضافہ

Related Posts