کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے سابق صدر اور رکنِ سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کینسر کا شکار ہو گئے ہیں، سابق اپوزیشن لیڈر سندھ نے سیاسی کارکنان، قائدین اور ساتھیوں سے دعاؤں کی اپیل کی۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے اپنے عزیز و اقارب، سیاسی قائدین، پارٹی کارکنان اور دوستوں کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ انہیں ایڈوانسڈ اسٹیج پر گلے کا کینسر ہے تاہم یہ کتنا خطرناک ہے، اس کااندازہ بائیوپسی کے بعد لگایا جاسکتا ہے۔
ڈی جی خان میں جلسے کی تیاریاں، پی ڈی ایم کا سیاسی قوت کا مظاہرہ
ہمسایہ ملک نے نواز شریف کو منفی پراپیگنڈے کا ٹارگٹ دیا۔شہباز گل
سابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کل 30 اکتوبر کے روز بائیوپسی ہونے کے بعد اس کے نتیجے کا انتظار ہے جسے 1 ہفتے لگے گا۔ میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق کینسر سے لڑنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔
پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی نے دوست احباب سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں جس مقصد کیلئے کام کر رہا ہوں، اس کیلئے کاوشیں اتنے ہی مثبت انداز سے جاری رکھوں گا، جس حد تک جاری رکھ سکوں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اور اہلِ خانہ کو کینسر جیسے موذی مرض سے لڑنے اور کامیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ میرے اعمال یا الفاظ سے جو بھی لوگ متاثر ہوئے، ان سب سے معذرت چاہتا ہوں۔